بنگلورو،28؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے کورگ ضلع کے کشال نگر تھانہ میں ایف آئی آر داخل کئے جانے کے معاملہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا کہ سی بی آئی نے محض ایف آئی آر درج کرکے معاملہ کی جانچ شروع کی ہے۔جانچ مکمل ہونے تک اس سلسلے میں نتیجہ اخذ کرنا زیادتی ہے۔ آج کے پی سی سی دفتر میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ سی آر پی سی کی دفعہ 124کے تحت ایک ہی معاملہ پر دو مرتبہ ایف آئی آر درج کرنے کی گنجائش نہیں ہے، اسی لئے سی بی آئی نے ایف آئی آر از سرنو داخل نہیں کیا بلکہ اس سے پہلے درج ایف آئی آر کی بنیاد پر ہی جانچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس معاملہ میں بی جے پی کی طرف سے جارج کے استعفیٰ کے مطالبہ کو انہوں نے غیر ضروری قرار دیا۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ اگر جارج کو استعفیٰ دینا ہے تو ملک کے 111 اراکین بی جے پی پارلیمان جن کے خلاف 1012سنگین معاملات درج ہیں انہیں بھی استعفیٰ دیدینا چاہئے۔ اگر ریاست کی سیاست کی بات کریں تو یڈیورپا ، سری راملو ، سریش کمار ، منی راجو سمیت کئی بی جے پی لیڈروں کے خلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں وہ بھی سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ جارج کے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں بلگاوی میں ہونے والے لیجسلیچر اجلاس کا بائیکاٹ کرنے بی جے پی کی دھمکیوں کے متعلق ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ لیجسلیچر اراکین اسمبلی اور کونسل کو ریاست کے سلگتے ہوئے مسائل پر سنجیدہ بحث کا ایک پلاٹ فارم ہے اس کا بائیکاٹ کرنے کی آواز بے معنی ہے، پھر بھی اگر بی جے پی اجلاس میں حصہ لینے کی بجائے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتی ہے تو وہ اس کا اپنا ہے، لیکن کسی بھی صورت میں جارج کو استعفیٰ دینے کی ضرورت نہیں۔ بحیثیت کے پی سی سی صدر سات سال مکمل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ بحیثیت کے پی سی سی صدر ان پر یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ دوبارہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار دلانے کیلئے مکمل جدوجہد کریں۔ 2018کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی زبردست کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں تمام لیڈر مل کر انتخاب لڑیں گے اور پارٹی کو اقتدار پر لائیں گے۔ بی جے پی کی طرف سے اگلے انتخابات میں 150 سیٹوں پر کامیابی کے دعویٰ کو خواب خرگوش قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ سدرامیا نے عوام کیلئے جو فلاحی اسکیمیں لاگو کئے ہیں وہی اگلے انتخابات میں ان کی جیت کے ضامن ہوں گے۔